ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی لیڈروں کی گرفتاری پر ہونے والے احتجاج کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔۔۔نلین کمار کٹیل

بی جے پی لیڈروں کی گرفتاری پر ہونے والے احتجاج کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔۔۔نلین کمار کٹیل

Thu, 13 Jul 2017 02:10:31    S.O. News Service

منگلورو 12؍جولائی (ایس او نیوز)جنوبی کینرا میں بدامنی پھیلانے،دفعہ 144کی خلاف ورزی اور سنگباری کے پس منظر میں سنگھ پریوار کے لیڈروں پر جو کیس داخل کیے گئے ہیں اور پولیس انہیں گرفتار کرنے کی جو مہم چلارہی ہے، اس سے ہندتوا بریگیڈ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ اور مختلف تنظیموں کی طرف سے پولیس اور حکومت کوسخت احتجاج کی دھمکیاں دے کر انہیں ملزموں کی گرفتاری سے باز رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

جب توا گرم ہوتب روٹیاں سینکنا تو بی جے پی ااور سنگھ پریوارکا محبوب مشغلہ ہے۔ ایسے میں جنوبی کینرا کے کٹرپنتھی رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل کیسے خاموش رہتے۔ حالانکہ وہ پارلیمانی وفد کے ساتھ روس کے دورے پر گئے ہوئے تھے، مگر یہاں جلتی پر تیل چھڑکنے کا دیکھ کر دورہ کو درمیان میں ہی خیرباد کہتے ہوئے منگلورو واپس لوٹ آئے ہیں۔ اور آتے ہی بیانات کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ 

ایم پی نلین کمار نے کہاہے کہ ضلع انچارج وزیر رماناتھ رائے کو اپنا ووٹ بینک کھسک جانے کا خطرہ لگا ہوا ہے۔ اور کانگریسی سیاست کے لئے ضلع جنوبی کینرا کی بلی دی جارہی ہے۔بی جے پی لیڈروں کو جیل میں ٹھونس کر کانگریس سیاست کرنا چاہتی ہے۔دوسرے پرانے معاملات میں ابھی تک کسی ایک کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ نلین نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اب اگر بی جے پی لیڈروں کو گرفتار کیا گیا تو اس کے ردعمل میں ہونے والے احتجاج اور اس کے نتائج کے لئے حکومت ہی پوری طرح ذمہ دار ہوگی۔

رکن پارلیمان نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ مہینے سے دفعہ 144ضلع میں لاگو ہے ۔ اس کے باوجود تشدد ہورہا ہے۔ اس لئے پولیس پر اب اعتماد باقی نہیں رہا ۔ یہاں ہونے والے قتل کے واقعات کی جانچ این آئی اے سے ہونا چاہیے۔ جنوبی کینرا میں این آئی اے کی یونٹ قائم کرنے کے لئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے اپیل کی گئی ہے۔ضلع انچارج وزیر رماناتھ رائے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نلین کمار نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کچھ لوگ اپنے آپ کو شیر کہہ رہے ہیں۔ شیر اگر جنگل میں رہے تبھی ٹھیک ہوتا ہے۔ وہ شہر میںآجائے تو انسانوں کا خون پینے لگتا ہے۔


Share: